Google_plus Pinterest Vimeo RSS

شاہد آفریدی ہر 20ویں گیند پر چھکا‘ لگانے والے کھلاڑی بن گئے


دبئی(قدرت نیوز) پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شاہد خان آفریدی ہر 20 ویں گیند پر چھکا لگانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بوم بوم آفریدی کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ اپنے کیرئیر کے دوران 342 چھکے لگا چکے ہیں جبکہ انہوں نے اس دوران کل 6757 گیندوں کا سامنا کیا ہے۔ یوں آفریدی نے اپنے کیرئیر کی ہر 20گیند پر ایک چھکا لگا رکھا ہے۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر بھی پاکستان ہی کے سابق کپتان وسیم اکرم کا ہے جنہوں نے ہر35ویں گیند پر ایک چھکا لگا رکھا ہے۔ ان کے بعد نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے برینڈن مکلم نے ہر 36ویں گیند پر چھکا لگانے کا اعزاز اپنے نام کر رکھا ہے۔ واضح رہے چوتھے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز 2۔2 سے برابر کردی۔ابوظہبی کے شیخ زید انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے، اوپنرز مارٹن گپٹل اور ڈین براؤن لائی نے 81 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم پھر براؤن لائی 42 رنز بنا کر کپتان شاہد آفریدی کا شکار بنے، مارٹن گپٹل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 58 رنز بنانے کے بعد 125 کے مجموعے پر سہیل تنویر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 188 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب روس ٹیلر 26 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ کورے اینڈرسن 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے، نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیمسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کے باعث کیوی ٹیم 299 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور ولیمسن 105 گیندوں میں 123 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اننگز کی آخری گیند پر بولڈ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 2 وکٹیں حاصل کی جبکہ سہیل تنویر، انور علی اور شاہد آفریدی ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔پاکستان نے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو ایک بار پھر اس کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنا سکی، اوپنر احمد شہزاد 3 رنز کے مجموعے پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ناصر جمشید اور یونس خان نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن ناصر جمشید زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے، یونس خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی لیکن ان کے 103 رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے جبکہ کپتان شاہد آفریدی نے اپنے مخصوص انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 49 رنز بنائے۔اسٹیڈیم میں بھی سانحہ پشاور کا غم نمایاں دکھائی دیا اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے مصباح الحق سے سانحہ پشاور پر اظہار افسوس کیا جب کہ میچ شروع ہونے سے قبل 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جس دوران احمد شہزاد سمیت کئی کھلاڑی آبدیدہ ہوگئے۔ انجری کے باعث میچ کا حصہ نہ بننے والے مصباح الحق کی جگہ شاہد آفریدی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جب کہ ٹیم میں اسد شفیق اور وہاب ریاض کی جگہ ناصر جمشید اور انورعلی کو شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا سانحہ پشاور کے پیش نظر میچ منسوخ کرنے یا نہ کرنے کیحوالے سے کہنا تھا کہ قومی کرکٹ پہلے ہی دہشتگردی کا شکار ہے اور اگر میچ نہ ہوا تو اسے دہشتگردوں کی جیت تصور کیا جائے گا تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھا ون ڈے سانحہ پشاور کے شہدا کے لئے کھیلا جائے گا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم شہدا کے ورثا کو دی جائے گی اوررقم کا ایک خطیر حصہ بچوں کے اسکول کی تعمیر پر خرچ کیا جائے گا۔ 

0 comments: