Google_plus Pinterest Vimeo RSS

فوری ترجمہ کرنا اب دور کی بات نہیں

فوری ترجمہ کرنا اب دور کی بات نہیں

سکائپ ابھی ٹرائل کے طور پر ٹرانسلیشن کا تجربہ دو زبانوں پر ہی کر رہا ہے
یہ خیال کہ آپ کسی مشین میں ایک زبان سے بولیں اور دوسری طرف سے اس کا ترجمہ کسی اور زبان میں باہر آئے ایک سائنس فکشن تصور لگتا ہے۔
لیکن رواں ہفتے میں سکائپ نے اپنی ’ٹرانسلیمٹر‘ سروس کے بیٹا ورژن کو لانچ کر کے اسے حقیقت کے ایک اور قدم نزدیک کر دیا ہے۔
ابھی تک تو یہ ٹرائل صرف بذریعہ دعوت نامہ ہی شروع کیا گیا ہے جو صرف انگلش اور ہسپانوی زبان میں ہے۔
میں نے اس کو استعمال کرنے کی کوشش کی اور سیول میں میریا رومیرو گارشیا سے بات کی جو سکائپ میں کام کرتی ہیں۔
جو مجھے سمجھ آیا وہ یہ تھا کہ آپ کو ایک اچھی کوالٹی کا مائیکروفون چاہیے اور آپ کو بالکل واضح اور بغیر وقفے کے بولنا چاہیے، نہیں تو ترجمے کی مشین آپ کو روک دے گی اور ترجمہ شروع کر دے گی۔
لیکن نتیجہ اتنا برا نہیں تھا۔ انھوں نے ہسپانوی زبان میں جملہ بولا اور اس کا ترجمہ ہوا: ’آج صبح میں کچھ کام کر رہی ہوں اور اپنے دوستوں سے ملنے کے لیے اپائنٹمنٹس بنا رہی ہوں۔‘
ٹیکنالوجی کہیں کہیں مشکل میں بھی پڑ جاتی ہے۔ جب ماریا کی بلی کیمرے کے سامنے آ گئی اور میں نے پوچھا کہ ’وٹ اٹ واز کالڈ‘ (اس کا نام کیا ہے) تو ترجمہ ہوا کہ ’ویدھر اڑ واز کولڈ‘ کہ کیا وہاں ٹھنڈ ہے۔
لیکن اس فیلڈ میں بہت کچھ ہو رہا ہے۔ مائکروسافٹ کے وکرم ڈینڈی نے، جو اس پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں، مجھے امریکہ سے فون پر بتایا کہ لائیو ٹرانسلیشن میں بولنے کی ترکیب، آواز کی پہچان اور مشین کا ترجمہ شامل ہے۔ ’اپنے طور پر یہ ہر ایک ٹیکنالوجی پیچیدہ ہے اور ان کو اکٹھا کرنا ایک مشکل مسئلہ ہے۔‘
ایک ایسا شخص جس نے یونیورسٹی میں زبانوں کی تعلیم حاصل کی ہو، اور جس نے کئی گھنٹے الفاظ کا ترجمہ ڈھونڈنے میں ضائع کیے ہوں اور جس کے دوست بھی ترجمہ کرنے کے شعبہ سے منسلک ہوں، میں سمجھ سکتا ہوں کہ کمپیوٹر کو زبان سکھانا کتنا مشکل ہے۔
لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہاں سوال مشین کو انسانوں کی طرح سکھانے کا نہیں ہے۔ وکرم کہتے ہیں کہ ’یہ ایسے نہیں کہ کوئی سکول گیا اور اس نے زبان کے قواعد سیکھ کر زبان سیکھ لی۔ کمپوٹرز کا طریقہ مختلف ہوتا ہے۔ وہ بہت زیادہ مقدار میں متوازی ٹیکسٹ لیتے ہیں جو کہ بہت اچھا ترجمہ ہوتا ہے اور اس سے امکان کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایک زبان کا ایک ماڈل بنایا جاتا ہے۔‘
ابھی بھی سکائپ ٹرانسلیٹر اور اس کے حریفوں کو ہنر مند انسانی مترجم کا مقابلہ کرنے کے لیے بہت کچھ کرنا ہے۔ مثال کے طور پر آپ نہیں چاہیں گے کہ وہ عالمی رہنماؤں سے اہم مذاکرات میں شامل ہوں۔ لیکن شاید اگلی دہائی میں آپ کسی ایسے دوست سے ضرور بات کر رہے ہوں گے جس کی زبان کا آپ ایک لفظ بھی نہیں جانتے ہوں گے لیکن اس سے بات کرنے کے لیے آپ کو ڈکشنری کی مدد لینی پڑے گی۔

0 comments: