Google_plus Pinterest Vimeo RSS

آسٹریلوی بولنگ مفلوج، یونس اور مصباح کے نئے ریکارڈز


ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے دن بھی پاکستانی بیٹسمینوں نے آسٹریلوی بولنگ کو سر اٹھانے نہیں دیا۔
یونس خان اور کپتان مصباح الحق کے متعدد نئے ریکارڈز سے مزین بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 570 چھ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی ۔
آسٹریلیا نے دوسرے دن کھیل ختم ہونے پر 22 رنز بنائے تھے لیکن اسے کرس راجرز کی وکٹ عمران خان کے حوالے کرنی پڑگئی تھی۔
آسٹریلوی ٹیم پاکستان کےسکور سے اب بھی548 رنز پیچھے ہے۔
دوسرے دن رنز کی بہتے دریا میں یونس خان اور مصباح الحق نے خوب مزے لوٹے۔
یونس خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پانچویں ڈبل سنچری سکور کی اور وہ 213 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
مصباح الحق نے چھٹی سنچری مکمل کرتے ہوئے 101 رنز بنائے۔
یونس خان نے اس اننگز کےدوران ٹیسٹ کرکٹ میں آٹھ ہزار رنز بھی مکمل کر لیے ۔
وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے 28ویں اور پاکستان کے تیسرے بیٹسمین ہیں۔
مصباح الحق نے پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ دو ہزار چار سو آٹھ رنز رنز بنانے کا عمران خان کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ۔
یونس خان اور مصباح الحق کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 181 رنز بنے۔
یہ ان دونوں کی 11ویں سنچری شراکت ہے اس طرح یہ دونوں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ سنچری شراکتیں قائم کرنے والے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔
ان سے قبل جاوید میانداد مدثر نذر اور انضمام الحق محمد یوسف نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 10 سنچری شراکتیں قائم کی تھیں۔
پاکستان کی اننگز یونس خان اور اظہرعلی نے304 دو کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو 28 رنز کے اضافے پر آسٹریلیا کی قسمت جاگ اٹھی جب اظہرعلی نے مچل سٹارک کی لیگ سائیڈ کی گیند پر وارنر کو کیچ دے کر 109 رنز پر وکٹ گنوائی۔
وارنر نے ہیڈن کے ان فٹ ہونے کے سبب وکٹ کیپنگ بھی کی لیکن 125 کے سکور پر یونس خان کو سٹمپڈ کرنے کا موقع بھی ضائع کیا۔ اس سے قبل گلی میں فیلڈنگ کرتے ہوئے انھوں نے یونس خان ہی کا کیچ گرادیا تھا جب وہ ایک 112 پر کھیل رہے تھے۔
یونس خان جیسے بیٹسمین کو اس طرح کے مواقع دینے کا مطلب خود کو شدید مشکل میں ڈالنا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم نے اپنی تباہی کا سامان خود پیدا کردیا۔

0 comments: