Google_plus Pinterest Vimeo RSS

آئرلینڈ کا بنگلہ دیش کو اپ سیٹ


سڈنی: ورلڈ کپ کی شروعات سے قبل ہی اپ سیٹ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور زمبابوے کے بعد آئرلینڈ نے بھی اپ سیٹ کرتے ہوئے بنگہ دیش کو شکست دے دی جبکہ ویسٹ انڈیز اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں شکست سے بال بال بچ گیا۔
آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور پوری ٹیم 189 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، سومیا سرکار 45 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ چھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
آئرلینڈ کی جانب سے جان مونی اور میکس سورنسن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں آئرلینڈ نے 48ویں اوور میں بآسانی چھ وکٹ کے نقصان پر اسکور پورا کر لیا۔
ایڈ جوائس نے 47 جبکہ اینڈی بلبرائن نے ناقابل شکست 63 رنز کی اننگ کھیلی۔
دوسری جانب ویسٹ انڈین ٹیم اسکاٹ جیسی معمولی ٹیم کے خلاف شکست سے بال بچ گئی۔
ویسٹ انڈیز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 313 رنز بنائے، دنیش رامدین 88 اور لینڈل سمنز 55 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اسکاٹش بلے بازوں نے جواب میں بہترین بلے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈین باؤلرز کے اوسان خطا کر دیے۔
اسکاٹ لینڈ کو آخری تین گیندوں پر جیت کے لیے سات رنز درکار تھے لیکن ناتجربہ کاری آڑے آ گئی اور صرف تین رنز بنا سکے اور ویسٹ انڈیز نے تین وکٹ سے فتح اپنے نام کر لی۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے اوپنر کائل کوئٹزر نے 96 رنز کی خوبصورت اننگ کھیلی جبکہ رچی بیرنگٹن نے 66 رنز بنائے۔
ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ کل نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ ایک اور میچ میں آسٹریلیا اور انگلینڈ مدمقابل ہوں گے۔

0 comments: