Google_plus Pinterest Vimeo RSS

نیوزی لینڈ اور گپٹل نے کئی ریکارڈ توڑ دیے


ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا لیکن اس کے ساتھ ساتھ مارٹن گپٹل کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت کیویز نے کئی ریکارڈز توڑ دیے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 کے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 393 رنز کا مجموعہ اب تک کے تما م ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے ناک آؤٹ مراحل کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا نے ورلڈ کپ 2003 کے فائنل میں ہندوستان کے خلاف 359 رنز کا مجموعہ سجا کر اپنے نام کیا تھا۔
ورلڈ کپ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے نامور بلے باز مارٹن گپٹل نے 24 چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 237 رنز بنائے جو اب تک کے تمام ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی سب سے بڑی انفرادی اننگ ہے۔
جارحانہ بلے باز مارٹن گپتل اب تک کےبین الاقوامی ایک روزہ میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر فائز ہیں جبکہ ہندوستان کے روہت شرما 264 رنز کے ساتھ سرِ فہرست ہیں۔
کیوی اوپنر نے 237 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ میں 24 چوکے لگائے جس کی بدولت وہ ایک روزہ میچ میں سب سے زیادہ چوکے لگانے والے بلے بازوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
یاد رہے کہ ایک روزہ میچ میں سب سے زیادہ چوکے لگانے کا اعزاز 33 چوکوں کے ساتھ ہندوستانی بلے باز روہت شرما کے پاس ہے۔
ہندوستان کے ہی سچن ٹنڈولکر اور وریندر سہواگ 25 ، 25 چوکوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں، سری لنکا کے سنتھ جے سوریا 24 چوکوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
اس میچ میں نیوزی لینڈ نے آخری 10 اوورز میں اسکور میں 153 رنز کا اضافہ کیا جو ورلڈ کپ میں آخری دس اوورز میں بنائے جانے والے سب سے زیادہ رنز ہیں جبکہ عالمی کرکٹ میں بھی صرف ایک بار اس سے زیادہ رنز بنے ہیں۔
ایک روزہ کرکٹ میں آخری دس اوورز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز جنوبی افریقہ کو حاصل ہے جو اس نے رواں سال ویسٹ انڈیز ہی کے خلاف 163 رنز بنا کر بنایا تھا۔
گپٹل نے میچ میں 11 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے کل 35 باؤنڈریز لگائیں، اب تک ایک روزہ کرکٹ میں صرف ایک مرتبہ اس سے زیادہ باؤنڈریز لگائی گئیں۔
اس سے قبل روہت شرما نے سری لنکا کے خلاف 264 رنز کی اننگ کے دوران 33 چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے 42 باؤنڈریز لگائی تھیں۔
گپٹل ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں، اس سے قبل وریندر سہواگ میں 2011 میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، ویسٹ انڈیز دنیا کی واحد ٹیم ہے جس کے خلاف دو ڈبل سنچریاں بنی ہوں۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم آج تک 300 یا اس سے زائد رنز کے ہدف کے حصول میں ناکام رہی ہے، اس کے عالوہ ٹیسٹ کھیلنے والی تمام ہی ٹیموں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

0 comments: