Google_plus Pinterest Vimeo RSS

شاہین میزائل کا ماڈل، کنٹونمنٹ بورڈ میدان سے دریافت


بہاولپور: چند روز قبل صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپورکے میزائل چوک پر نصب شاہین میزائل کا غائب ہوجانے والا ماڈل کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر گلزار صادق میں کھلے میدان سے دریافت ہوگیا۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق میزائل چوک پر شاہین میزائل کا ماڈل نصب کیا گیا تھا، جسے دیکھ کر گزرنے والے شہری اپنے بچوں کو پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے والے شاہین میزائل کے ماڈل کے بارے میں بتاتے تھے۔
تاہم شاہین میزائل کا یہ ماڈل چند دن پہلے راتوں رات ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) سٹی نے اتار کر غائب کر دیا۔
اس سلسلے میں جب اسسٹنٹ کمشنر سٹی راؤ تسلیم سے پوچھا گیا تو انہوں نے آن کیمرہ کسی قسم کا بیان دینے سے گریز کیا۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے کام کیا جارہا ہے, جس کی وجہ سے شہر کے مختلف مقامات پر موسمی پھول اور دیگر پودے لگائے جارہے ہیں۔
شہریوں کی جانب سے شاہین میزائل کے ماڈل کے اچانک غائب ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا، جو بعد ازاں کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر گلزار صادق میں کھلے میدان میں ملا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ضلعی حکومت اسی طرح کی یادگار کو شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے نام پر غائب کرتی رہی تو بہاولپور کے شہریوں کے لیے شہر کا کوئی بھی ایسا یادگار مقام باقی نہیں رہے گا، جہاں وہ اپنے بچوں کو سیر کے لیے لے جاسکیں۔

0 comments: