Google_plus Pinterest Vimeo RSS

پروٹیز نے تاریخ بدل دی، سیمی فائنل میں رسائی


جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے ساتھ ساتھ نئی تاریخ رقم کر دی۔
یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے کوالیفائر مرحلے سے آگے جانے کا اعزاز حاصل کیا ورنہ وہ اس سے قبل کبھی بھی اس مرحلے سے آگے جانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
جنوبی افریقہ نے اس سے قبل 1992، 1999 اور 2007 کا سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا لیکن ان تینوں ورلڈ کپ میں سیمی فائنل ہی پہلا ناک آؤٹ مرحلہ تھا اور تینوں ہی مواقعوں پر انہیں شکست کا دکھ جھیلنا پڑا تھا۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ جو تباہ کن ثابت ہوا۔
اننگزکے آغاز سے ہی سری لنکن بالے باز مشکل صورتحال کا سامنا کرتے رہے اور کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر پروٹیز باؤلرز کے آگے نہ کھڑا رہ سکا۔
اوپنرز کُسل پریرا اور تلکارتنے دلشان نے اننگز کی شروعات کی تاہم دونوں بلے باز 4 رنز کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔
ان کی جگہ بلے باز کمار سنگا کارا اور لہیرو تھری مانے نے آکر 65 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور کو 69 رنز تک پہنچایا، اس دوران دونوں بلے باز وقفے وقفے سے باونڈریز اسکور کر کے مجموعی سکور کو تقویت پہنچاتے رہے، لیکن اسپن باؤلر عمران طاہر سیٹ بلے باز تھری مانے کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے اور تھری مانے کو 41 رنز بنا کر پویلین لوٹنا پڑا۔
بعد ازاں ایک بار پھر سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور پوری ٹیم 133 رنز پر پروٹیز بالنگ سائیڈ کے آگے ڈھیر ہوگئی۔
اس دوران بلے باز کُمار سنگا کارا 45 ، مہیلا جے وردھنے4، کپتان اینجیلو میتھیوز 19، کُلا سی کارا 1، لاستھ مالنگا 2 رنز جبکہ تھیسارا پریرا سمیت تھرندو کوشل بغیر کوئی رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دوسری جانب پروٹیز باؤلرز پہلی اننگز میں چھائے رہے۔
اسپن باؤلر جے پی ڈومینی نے شاندار باؤلنگ کے جوہر دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کر کے ہیٹرک کی جبکہ عمران طاہر بھی عمدہ باؤلنگ سے 4 بلے بازوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے ۔
پیسر بالر ڈیل اسٹین 2 اور مور نے مورکل سمیت کیل ایبٹ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ہاشم آملا اور کوئنٹن ڈی کوک نے 40 رنز کا نشبتاً بہتر آغاز فراہم کیا۔ آملا 16 رنز بنانے کے بعد لاستھ ملنگا کا شکار بنے تو میچ میں کھانے کا وقفہ کردیا گیا۔
اس کے بعد ڈی کوک اور فاف ڈیو پلیسی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید کوئئ وکٹ نہ گرنے دی اور اپنی ٹیم کو نو وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرادیا۔
ایونٹ میں مسلسل آؤٹ آف فارم ڈی کوک نے فارم میں واپسی کا ثبوت دیتے ہوئے 78 رنز بنائے جبکہ ڈیو پلیسی 21 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
عمران طاہر کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کا سامنا نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کے فاتح سے ہو گا۔

0 comments: