Google_plus Pinterest Vimeo RSS

ہم اچھا نہیں کھیلے، آسٹریلین کوچ


دبئی: آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیرن لیمن نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ناکامی کا ملبہ پچ پر ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اچھا نہیں کھیلے اور سیدھی گیندوں پر آؤٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے یونس خان کی دونوں اننگ میں سنچری اور اسپنرز ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 221 رنز سے شکست دی تھی۔
آسٹریلیا کی ٹیم 438 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 216 رنز پر ہمت ہار گئی جہاں دونوں اننگ میں مجموعی طور پر 15 وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں۔
لیمن نے کہا کہ دبئی اسٹیڈیم میں گیند بہت زیادہ ٹرن نہیں کررہا تھا, ہم کنڈیشنز میں خود کو زیادہ بہتر طور پر نہیں ڈھال سکے اور اچھا کھیل پیش نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کرکٹ کے لیے انتہائی بہترین پچ تھی۔
پاکستان نے اس پچ پر پہپلے کھیلتے ہوئے یونس اور سرفراز احمد کی سنچریوں کی بدولت 454 رنز اسکور کیے اور آسٹریلیا کو 303 رنز پر ٹھکانے لگا کر پہلی اننگ میں 151 رنز کی بھاری برتری حاصل کی۔
یونس نے اگلی اننگ میں بھی سنچری اسکور کی جبکہ احمد شہزاد نے بھی تین ہندسوں کی اننگ کھیل کر پاکستان کو 438 رنز کا ہدف دینے میں مدد فراہم کی۔
یاد رہے کہ یہ برصغیر میں آسٹریلیا کی لگاتا ر پانچویں شکست ہے جہاں اس سے قبل ہندوستان نے انہیں 4-0 کی عبرتناک شکست سے دوچار کیا تھا۔
لیمن نے دعویٰ کیا کہ دبئی کی پچ اتنی مشکل نہ تھی جتنی ہندوستان میں تھی۔
’جب ہم ان کنڈیشنز میں کھیلنے کا گر سیکھ رہے تھے تو ہمیں دوسرے پہلو سے شکست ہوئی جہاں گیند کم اسپن ہوا، ہم زیادہ اسپن کی توقع کر رہے تھے‘۔
آسٹریلین کوچ نے کہا کہ ہم سیدھی گیندوں پر آؤٹ ہوئے اور میچ میں تقریباً پانچ سے چھ کھلاڑیوں نے اس طریقے سے وکٹیں گنوائیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں شاٹ کھیلنے کے سلسلے میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہو گا اور لڑکے اس پر کام کر رہے ہیں۔
اس موقع پر کوچ نے ڈیبیو کرنے والے اسٹیون اوکیف کی تعریف بھی کی جنہوں نے میچ میں چار وکٹیں حاصل کیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 30 نومبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

0 comments: