Google_plus Pinterest Vimeo RSS

علی بابا کے ’سنگلز ڈے‘پر نو ارب ڈالر کی سیل

علی بابا کے ’سنگلز ڈے‘پر نو ارب ڈالر کی سیل

علی بابا نے سنگلز ڈے پر فروخت کا ریکارڈ توڑ دیا ہے
چینی آن لائن کمپنی علی بابا کا کہنا ہے کہ سالانہ ’سنگلز ڈے‘ شاپنگ سیل کے موقعے پر اس نے نو ارب ڈالر مالیت سے زیادہ کی اشیا فروخت کی ہیں۔
منگل کو اس ایک روزہ سیل کے اختتام پر کمپنی نے اعلان کیا کہ فروخت کردہ اشیا کی رقم 57 ارب یوان یا نو ارب 30 کروڑ ڈالر رہی ہے جو کہ اندازوں سے کہیں زیادہ اور ایک نیا ریکارڈ ہے۔
اس سیل کے دوران کمپنی نے 27 کروڑ 80 لاکھ آرڈر لیے جن میں سے 43 فیصد موبائل آلات کے ذریعے دیے گئے تھے۔
گذشتہ سال علی بابا نے 5.75 ارب ڈالر کی اشیا فروخت کی تھیں اور 15 کروڑ سے زیادہ آرڈز کے تحت پیکیج ترسیل کیے تھے۔
سنگلز ڈے دنیا میں آن لائن فروخت کا سب سے بڑا دن سمجھا جاتا ہے۔
اس دن کا موازنہ امریکہ کے مشہور ’سائبر منڈے‘ سے کیا جا رہا ہے جو وہاں ’تھینکس گیونگ‘ کے تہوار کے بعد منعقد ہوتا ہے اور یہ بھی آن لائن شاپنگ کا بڑا دن سمجھا جاتا ہے۔
علی بابا کے ایگزیکٹیو چیئرمین جیک ما نے کہا: ’میں شرط لگا سکتا ہوں کہ اشیا کی خریداری کی رقم بہت زیادہ ہوگی۔‘ ان کے اندازے کے مطابق 20 کروڑ پیکیج ارسال کیے جائیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے صرف ایک گھنٹے میں دو ارب اشیا فروخت کیں۔
علی بابا کے ایگزیکٹیو چیئرمین جیک ما کہتے ہیں کہ اشیا کی خریداری کی رقم بہت زیادہ ہوگی
علی بابا نے سنگلز ڈے کا آغاز 2009 میں کیا تھا تھا۔ اس سے پہلے یہ دن سنہ 1993 میں نانجنگ یونیورسٹی کے کچھ طلبہ نے شروع کیا تھا جس کا مقصد یہ تھا کہ ’سنگل‘ یعنی اکیلے رہنے والے لوگ ویلینٹائنز ڈے پر خریداری کر سکیں۔
تب سے لے کر آج تک یہ چین کی بڑھتی ہوئی ای کامرس کے لیے کاروبار کا بہت بڑا موقع بن چکا ہے۔
ایک مینیجمنٹ کنسلٹنگ کمپنی اے ٹی کیرنی کو توقع ہے کہ یہ مارکیٹ اگلے کچھ سالوں میں 25 فیصد کی سالانہ شرح سے بڑھے گی اور سنہ 2014 میں 39 ارب ڈالر سے لے کر سنہ 2017 میں 71.8 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
اس سال کے سنگلز ڈے آن لائن فروخت کے موقعے پر 27000 سے زیادہ ڈیزائنروں نے شرکت کی جن میں جاپانی برینڈ موجی، ہسپانوی ملبوسات فروش ڈیسیگویل اور امریکی ملبوسات کی کمپنی برینز دا نورتھ فیس بھی شامل ہیں۔
شنگھائی میں چینی مارکیٹ ریسرچ کے شون رین نے کہا کہ سنگلز ڈے کے موقعے پر کئی صارفین نے خریداری کی اور یہ دن اب کرسمس اور چینی نئے سال کے مواقع جتنا بڑا بن چکا ہے۔
تاہم علی بابا کی حال ہی میں کامیابی اور اس سال کے سنگلز ڈے میں اچھی کارکردگی کے باوجود شون کہتے ہیں کہ علی بابا کے سامنے کچھ مشکلات بھی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ چین کی ای کامرس کے 35 فیصد حصہ موبائل فونز کی فروخت پر مشتمل ہے، لیکن علی بابا اس سے تھوڑا پیچھے ہے کیونکہ اس کی موبائل فونز کی فروخت 31 فیصد تک ہے۔

0 comments: