Google_plus Pinterest Vimeo RSS

جنوبی افریقہ پاکستان سے کہیں بڑا خطرہ


نئی دہلی: کرکٹ لیجنڈ اور سابق عظیم ہندوستانی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے انڈیا کو جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ میچ سے پہلے خبردار کیا ہے۔
چار سال پہلے ممبئی میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر انڈیا کو ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے ٹنڈولکر نے کہا کہ جنوبی افریقہ روایتی حریف پاکستان کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط ٹیم ہے۔
انڈیا نے اتوار کو ایڈیلیڈ میں ویرات کوہلی کی سنچری کی بدولت پاکستان کو 76 رنز سے ہرا کر ورلڈ کپ 2015 کا شاندار آغاز کیا ہے۔
تاہم ٹنڈولکر کہتے ہیں کہ اتوار کو میلبورن میں ورلڈ کپ فیورٹ جنوبی افریقہ کو ہرانے کیلئے انڈیا کو اچھی اوپننگ شراکت کے ساتھ ساتھ وکٹوں کے درمیان محتاط رننگ کی بھی ضرورت ہو گی۔
ٹنڈولکر نے پیر کو ہیڈ لائنز ٹوڈے سے گفتگو میں کہا 'سنگل لینا آسان نہیں ہو گا۔وہ (جنوبی افریقی) بہت پھرتیلے ہیں۔ان کی فیلڈنگ، تھروئنگ اور میدان پر بھاگنا پاکستان سے کہیں بہتر ہے'۔
ٹنڈولکر نے انڈین بلے بازوں کو کہا کہ وہ بالخصوص ڈیل اسٹین سے محتاط رہیں۔بلاشبہ وہ ان کا سٹرائیک باؤلر ہے۔ وہ ناقابل یقین حد تک اچھی باؤلنگ کرتے ہیں۔
'آپ پہلے سے سوچ نہیں سکتےکہ اسٹین کو کیسے کھیلنا ہے۔اس کا برا دن بھی ہو سکتا ہے۔ آپ کو آخری لمحات میں ہی اسٹین کو کھیلنے کا فیصلہ کرنا ہو گا، لیکن کچھ بھی ہو، آپ کو اسٹین کو عزت دینا ہو گی'۔
ٹنڈولکر نے پاکستان کے خلاف صرف 15 رنز بنانے والے اوپنر روہیت شرما اور تین مہینے تک جاری رہنے والے آسٹریلیا دورے میں ناکام کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی بھی حمایت کی۔
'میں روہیت پر کوئی دباؤ نہیں ڈالوں گا۔ اگلی مرتبہ سب ٹھیک ہو جائے گا'۔
لٹل ماسٹر کا اصرار ہے کہ انڈیا ورلڈ کپ جیت سکتا ہے 'یقیناً ہم جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے معیار تک پہنچ سکتے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ ایک دو کھلاڑیوں کا کام نہیں بلکہ ورلڈ کپ جیتنے کیلیے پوری ٹیم کو تسلسل کے ساتھ پرفارم کرنا ہو گا۔ -

0 comments: