Google_plus Pinterest Vimeo RSS

وقار ورلڈ کپ میں واپسی کے لیے پرعزم


کرائسٹ چرچ: پاکستانی ٹیم کے کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف شکست کے باوجود قومی ٹیم ورلڈ کپ میں بھرپور انداز میں واپسی کرے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وقار نے ہندوستان کے خلاف شکست کی وجہ دباؤ برداشت نہ کرنے کو قرار دیا۔
پاکستان کو پول بی میں اپنے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن ہندوستان کے خلاف 76 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے دیکھا کہ کیا غلط ہوا، ہم نے اچھا نہیں کھیلا بلکہ ہندوستان نے پارٹنرشپ قائم کر کے ہم سے بہتر کھیل پیش کیا، ہم نے زیادہ دباؤ لے لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہفتے کو کرائسٹ چرچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے دوسرے میچ میں چیزیں بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کو بھی اپنے ابتدائی میچ میں آئرلینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی۔
ماضی کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستانی ٹیم ٹائٹل فیورٹ کی دوڑ میں شامل نہیں جہاں اس سے قبل بھی وہ ورلڈ کپ کے لیے روانگی سے قبل بھی اس قسم کا بیان دے چکے ہیں جس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے نہیں کہہ رہا کہ ہم فیورٹ ہیں، یقیناً اس بات سے کھلاڑیوں پر سے دباؤ کمن ہو جائے گا کہ ہم ایونٹ میں فیورٹ نہیں ہیں۔
وقار نے ہندوستان کے خلاف شکست کا ذمے دار خراب بیٹنگ کو قرار دیا اور کہا کہ بدقسمتی سے ہماری بیٹنگ نہیں چلی۔
یاد رہے کہ ہندوستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 301 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستانی ٹیم 224 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں 300 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنا اب مشکل نہیں رہا اور آنے والے میچوں میں ہمیں 300 رنز کا ہدف عبور کرنا ہو گا۔
آئندہ ہونے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی جیت کو ضروری قرار دیتے ہوئےوقار نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ میچ ہمارے لئے کتنا ضروری ہے اس لئیے ہم گراؤنڈ میں مثبت سوچ کے ساتھ اُتریں گے اور اچھی کار کر دگی کا مظاہرہ کریں گے۔
قومی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ یونس خان بحیثیت اوپنر بھیجنے کا تجربہ ناکام رہا، وہ تیسری یا چوتھی پوزیشن پر رنز اسکور نہیں کر پا رہے تھے جس کی بنا پر اُن سے اوپن کرانے کا فیصلہ کیا لیکن یہ تجربہ بھی ناکام رہا۔
واضح رہے کہ یونس خان یہ چوتھا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں اور گزشتہ ماہ سے اب تک نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں کھیلے گئے 7 میچز میں کُل 73 رنز اسکور کر سکے ہیں جس میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 25 ہے۔

0 comments: