Google_plus Pinterest Vimeo RSS

چین سے 8 آبدوزیں خریدنے کی منظوری


اسلام آباد: سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عالم خٹک کا کہنا ہے کہ یمن کے معاملے پر پاک فوج حکومت کی پالیسی پرعمل کرے گی۔
قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس منگل کو چیئرمین شیخ روحیل اصغر کی صدارت میں قومی اسمبلی کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عالم خٹک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب فوج بھیجنے کے معاملے پرجو پالیسی حکومت کی ہوگی، فوج اس پر عمل کرے گی۔
نیول حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ یمن میں محصور پاکستانیوں کی واپسی کے لیے نیوی کا ایک جہاز روانہ کیا جاچکا ہے، جب کہ دوسرا بحری جہازآج روانہ ہوگا۔
نیول حکام کے مطابق عدن میں پھنسے 500 پاکستانیوں کو چھوٹی کشتیوں کے ذریعے پاکستان نیوی کے جہاز تک لایا جائے گا انہوں نے بتایا کہ ایک بحری جہاز وہاں پہنچنے میں 3 سے4 روز کا وقت لگتا ہے۔
چین سے 8 آبدوزوں کی خریداری کی منظوری
نیول حکام نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان مختلف ممالک سے آب دوزیں کی خریداری کے لیے رابطے میں ہے جب کہ اس سلسلے میں جرمنی، برطانیہ اور فرانس سے استعمال شدہ آبدوزیں خریدنے کے لیے بھی بات چیت کی جارہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت نے چین سے 8 آبدوزیں خریدنے کی منظوری دے دی ہے جب کہ وزارت دفاع نے پاک نیوی کی جنگی ضروریات پوری کرنے کے لیے 6 اے ٹی آر طیاروں کی خریداری کے لیے 294 ملین ڈالرکی فراہمی کی سمری قومی سلامتی کمیٹی کو بھجوا دی ہے اور طیاروں کی خریداری کا حتمی فیصلہ کمیٹی کرے گی۔
نیول حکام نے مزید بتایا کہ فرانس نے پاکستان کو ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے مسئلے کے باعث آبدوزیں دینے سے انکار کردیا ہےجبکہ فرانس بھارت کو آبدوزیں دے رہا ہے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ روس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں اور جے ایف تھنڈر 17 سمیت چین سے ملنے والی ملٹری ٹیکنالوجی میں کوئی مسئلہ نہیں۔
دوسری جانب 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب میں قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین کو مدعو نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ یوم پاکستان کی تقریب پر دفاع کی قائمہ کمیٹی کے اراکین کو مدعو نہ کرنا زیادتی ہے۔
اراکین نے آئندہ اجلاس میں سیکرٹری کابینہ کو طلب کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

0 comments: