Google_plus Pinterest Vimeo RSS

عزیز آباد میں تحریک انصاف کے قافلے پر حملہ، مقدمہ درج


کراچی میں تحریک انصاف کے رہنماء اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے امیدوار عمران اسماعیل کے قافلے پر مشتعل افراد نے حملہ کرکے گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔
ڈان نیوزکے مطابق عزیزآباد کا جناح گراؤنڈ اس وقت میدان جنگ بن گیا جب تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل کارکنوں کےساتھ جناح گراﺅنڈ میں جلسے کے لئے معائنہ کرنے پہنچے۔ اس موقع پر وہاں موجود ایم کیوایم کے کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی اور گو عمران گو کے نعرے لگائے۔
قافلے میں موجود تحریک انصاف کے کارکنوں نے بھی شدید نعرے بازی کی اور دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جس کے بعد مشتعل افراد نے تحریک انصاف کے رہنما اور کارکنوں کی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے جب کہ ہنگامہ آرائی زیادہ بڑھی تو تحریک انصاف کے رہنمااور کارکن جناح گراﺅنڈ سے چلے گئے۔
بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے اعلان کیا کہ جناح گراﺅنڈ پر پیش آنے والے واقعے پر ایم کیو ایم کے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جناح گراﺅنڈ عزیز آباد میں ان کی گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے۔ کراچی میں خوف فضاء قائم ہے مگر ہم شہر کی روشنیاں واپس لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بھی نہتے گئے تھے کل بھی نہتے جائیں گے کیونکہ عمران خان نے کبھی ڈرنا سیکھایا نہ کبھی ڈریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ این اے 246 پر ایم کیو ایم کو شکست دے کر دکھائیں گے۔
ایم کیو ایم کا موقف
ایم کیو ایم کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے 'شہدائے ایم کیوایم' کی یادگار کی بے حرمتی کی جس کی وجہ سے ان کے کارکن مشتعل ہوئے۔

مقدمہ درج

پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر جناح گراؤنڈ ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق عزیز آباد تھانے میں جناح گراؤنڈ ہنگامہ آرائی کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
اس سے پہلے تحریک انصاف کے رہنماء عارف علوی، عمران اسماعیل اوردیگررہنما ایس ایس پی سینٹرل کے دفتر پہنچے اور جناح گراونڈ میں حملے کا مقدمہ درج کروانے کی درخواست کی۔
ان کاموقف تھاکہ جناح گراونڈ میں جوکچھ ہوا وہ متحدہ کے قائد الطاف حسین کے کہنے پر ہوا۔

0 comments: