Google_plus Pinterest Vimeo RSS

سعودی عرب: ٹوئٹر پر ’جن‘ کا قبول اسلام


دمام، سعودی عرب: روحانی معالج ہونے کا دعویٰ کرنے والے شخص نے ٹوئٹر پر ایک جن کو مسلمان کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ شخص جو قرآنی آیات کے ذریعے لوگوں کا علاج کرتا ہے، کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر اس جن کے ساتھ بات چیت کی تھی، جس کے فالوورز کی تعداد 16 ہزار ہے۔
اسلامی عقیدے کے مطابق انسانوں اور فرشتوں کے ساتھ خدا نے اپنی رضا سے جنات کو بھی تخلیق کیا ہے، جنات کی تخلیق بغیر دھوئیں کی آگ سے ہوئی ہے۔
مذکورہ شخص کے مطابق اُس جن نے ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں لکھا تھا ’’میں حبیبی جن ہوں، میں شیخ کے ہاتھ پر اپنے قبولِ اسلام کا اعلان کرتا ہوں۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ خدا ایک ہے، اور محمد ﷺ خدا کے پیغمبر ہیں۔ یہ شیخ اچھے ہیں اور انہوں نے قبولِ اسلام میں میری مدد کی۔‘‘
ٹوئٹر پر کئی لوگوں نے جن کے قبولِ اسلام کو من گھڑت قرار دیا۔ ان میں سے ایک کا کہنا تھا کہ یہ تو کسی لطیفے سے بھی بڑھ کر ہے، اس لیے کہ یہ شخص چاہتا ہے کہ لوگ اس بات پر یقین کرلیں کہ جنات بھی ٹوئٹر پر اکاؤنٹس رکھتے ہیں۔
اسلامی شریعت کے بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ روحانی معالج ہونے کا دعوے دار شخص ایک عظیم پیشے کو پیسے کمانے کے لیے استعمال کررہا ہے، اور اس کو معاشرے میں اپنی ذمہ داری کی اہمیت کا اندازہ نہیں۔
فقہ اسلامی کے ایک محقق کہتے ہیں کہ ایسے نام نہاد روحانی معالج اکثر لوگوں کے امراض کی غلط تشخیص کرتے ہیں، اس لیے کہ ان کی شکایات اور اس کے پس منظر کے بارے میں انہیں بہت کم معلومات ہوتی ہے۔
حال ہی میں مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز الشیخ نے ایسے لوگوں کی مذمت کی تھی جو پیسہ کمانے کے لیے لوگوں کا استحصال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ امربالمعروف و نہی عن المنکر کو اس طرح کے روحانی معالجین کے کاموں کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنی چاہیے۔

0 comments: