Google_plus Pinterest Vimeo RSS

چین میں کرنسی نوٹ جلا کر بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ

چین میں سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک کمپنی نے کوئلے کی بجائے کرنسی نوٹوں کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چینی صوبے ہینان کے علاقے لیویانگ میں بجلی بنانے والے کارخانے میں ناقابل استعمال کرنسی نوٹ استعمال کیے جائیں گے۔
سرکاری خبر رساں ادارے زنہوا نیوز کے مطابق ملک میں پہلی بار بجلی تیار کرنے کے لیے یہ طریقہ استعمال کیا جائے گا۔
بجلی گھر کی انتظامیہ کے مطابق ایک ٹن ناکارہ کرنسی نوٹوں کی مدد سے 6 سو کلو واٹ بجلی تیار کی جا سکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کوئلے کے برعکس کرنسی نوٹوں سے بجلی تیار کرنا زیادہ ماحول دوست ہے۔
چین کے مرکزی بینک پیپلز بینک آف چائنہ نے بجلی پیدا کرنے کے لیے کرنسی نوٹوں کو جلانے کی اجازت دی ہے۔

چین میں کرنسی نوٹ جلا کر بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ


خبر رساں ادارے کو بینک کے ایک اہلکار نے بتایا کہ صوبے میں ناقابل استعمال یا ناکارہ کرنسی کی مدد سے سالانہ 13 لاکھ بیس ہزار کلوواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے جبکہ چار ہزار ٹن کوئلے کو بطور ایندھن استعمال کر کے اتنی بجلی پیدا ہوتی ہے۔
ملک میں اس سے پہلے عام طور پر ناقابل استعمال کرنسی نوٹوں سے کاغذ کی مصنوعات تیار کی جاتی تھیں۔
کرنسی نوٹوں سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کافی دلچسپ تصبرے کیے جا رہے ہیں۔
وائبو کے ایک صارف نے لکھا ہے کہ کرنسی کو جلانا؟ لیویانگ کتنا امیر شہر ہے جبکہ ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ’میں بجلی کے بغیر ایک سال تک گزارہ کر سکتا ہوں بس مجھے نوٹوں کی ایک ڈھیری دے دیں۔‘ ایک دوسرے صارف کے مطابق’ مجھے ملازم رکھ لیں، میں پیسے نہ لینے کا وعدہ کرتا ہوں۔‘

0 comments: