Google_plus Pinterest Vimeo RSS

مت بھولیں پاکستان کا ہمارے خلاف بہتر ریکارڈ ہے


ایڈیلیڈ: ہندوستانی ٹیم کے کپتان پاکستان کو شکست دینے کے بعد روایتی حریف کے حق میں بول پڑے ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان مجموعی طور پر ہم سے بہتر ریکارڈ ہے۔
یاد رہے کہ ہندوستان اور پاکستان اتوار کو چھٹی مرتبہ ورلڈ کپ میں مدمقابل تھے اور ہندوستان نے ماضی کی روایت برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں روایتی حریف کے خلاف لگاتار چھٹی کامیابی حاصل کی۔
ہندوستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویرات کوہلی کی سنچری کی مدد سے 300 رنز کا بڑا ہدف اسکور بورڈ پر سجایا، پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سہیل خان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں مصباح الحق کے سوا کوئی بھی پاکستانی بلے باز سنبھل کر بیٹنگ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 224 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ہندوستانی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے اس بہترین ریکارڈ کے باوجود پاکستان کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ہندوستان ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ہمیشہ ناقابل شکست نہیں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ریکارڈ بہت اچھا ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے۔
’لیکن ایک وقت آئے گا جب ہم ان سے ہار جائیں گے، یہ ریکارڈ ہمیشہ قائم نہیں رہے گا، یہ موقع اس ٹورنامنٹ میں بھی آسکتا ہے اگر دونوں ٹیمیں سیمی فائنل یا فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان کا ہم سے بہتر ریکارڈ ہے، وہ ایک بہترین ٹیم ہے اور انہیں ہرانا آسان نہیں۔
اگر باہمی مقابلوں میں دیکھا جائے تو پاکستان کا ہندوستان پر پلڑا بھاری ہے اور 51 فتوحات کے مقابلے میں پاکستان نے ہندوستان کو 72 بار شکست سے دوچار کیا۔
’جب کبھی بھی انڈیا پاکستان کھیلتے ہیں تو یہ کوئی عام میچ نہیں ہوتا، یہ ہر کے لیے جذباتی لمحات ہوتے ہیں لیکن ہم صرف ایک میچ میں فتح پر اکتفا نہیں کر سکتے، ابھی بہت بہتری گنجائش موجود ہے‘۔
دھونی نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کے خلاف فتح آئندہ ہونے والے میچوں میں ٹیم کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو گی۔
دفاعی یمپیئن ٹیم کے قائد نے کہا کہ ہمیں ابھی اور بھی مشکل ٹیموں سے مقابلہ کرنا ہے جہاں ہمیں اسی طرح کی کارکردگی دہرانا ہو گی۔
دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے کپتان ہندوستان کے خلاف جواب میں کوئی متاثر کن جواب نہ دے سکے۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہوا لیکن اہم چیز یہ ہے کہ ہم اس شکست کو بھلا کر مستقبل پر نظریں مرکوز کر لیں، یہ میچ گزر چکا ہے لہٰذا اب ہمیں اگلے میچ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

0 comments: