Google_plus Pinterest Vimeo RSS

مودی 2024 اولمپک کی میزبانی کے خواہاں


بنگلور: رواں ماہ ہندوستانی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی)کے صدر تھامس باک کی دہلی میں ملاقات متوقع ہے جس میں دونوں حکام کی جانب سے 2024 میں ہونے والے اولمپک گیمز کی میزبانی کے لئے ہندوستان کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2016 اولمپکس کا انعقاد برازیل کے شہر ریو دی جنیرو میں ہو گا جبکہ 2020 اولمپکس کی میزبانی جاپان کا دارالحکومت ٹوکیو کرے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم مودی 2024 اولمپک کے لیےبولی لگانے کے لئے تیار ہیں اور اس بڑے ایونٹ میں ہونے والے مالی اخراجات سمیت دیگر تفصیلات جاننے کے بھی خواہش مند ہیں۔
تھامس باک 27 اپریل کو دورہ ہندوستان پر آئیں گے اور وہ بھی ہندوستان کو اولمپک کی میزبانی دینے کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی او سی کے صدر نے ہندوستان کے حق میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ’’ ہم آئندہ اولمپکس ایسے ملک میں منعقد کرانے کےخواہش مند ہیں جس نے اس سے قبل اس بڑے ایونٹ کی میزبانی کبھی نہیں کی اور ہندوستان میں یہ ایونٹ منعقد ہونے سے نوجوان ٹیلنٹ کو تقویت اورکھیل کو ترقی ملے گی‘‘۔
باک نے کہا کہ ہم 1.2 ارب آبادی کے حامل ملک کو کیسے نظر انداز کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہندوستان احمد آباد شہر کے نام کی بولی دینے پر غور کر رہا ہے جبکہ اس فہرست میں مضبوط امیدوار امریکا اور جرمنی پہلے ہی اپنے شہروں کے نام جمع کرا چکے ہیں۔
امریکا نے بوسٹن، جرمنی نے ہمبرگ، یونان نے روم کے نام میزبانی کے لیے جمع کرائے ہیں جبکہ کینیا ، مراکش، قطر، فرانس او ر روس بھی ممکنہ طور پر بولی لگا سکتے ہیں۔
یاد رہےکہ اولمپکس 2024 کی میزبانی کے لئےہندوستان کے پاس شہر کا نام جمع کرانے کا وقت رواں سال 15 ستمبر تک ہے۔
2024 اولمپک کے میزبان شہر کے نام کا اعلان 15 ستمبر 2017 کو پیرو کے شہر لیما میں کیا جا ئے گا۔

0 comments: