دنیا کے مہنگے ترین دس تحفے
کہا جاتا ہے کہ تحفہ دینے سے آپسی محبت میں اضافہ ہوتا ہے اور اگر آپ کے پاس سب کچھ ہے اور آپ کے پیاروں کو سمجھ نہیں آتا کہ وہ آپ کو کیا دیں تو آپ انہیں کچھ آئیڈیاز تو دے ہی سکتے ہیں۔
مگر پھر بھی کئی تحائف ایسے ہیں جنھیں خریدنے کا خیال ارب پتی افراد کے بھی پسینے چھڑا سکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں دنیا کے سب سے مہنگے تحائف کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
ان مہنگے ترین تحائف کی فہرست خاص طور پر ان کی قیمتیں دیکھ کر ہوسکتا ہے آپ کے بھی ہوش اڑ جائیں اور ان میں سب سے اوپر ہے ایک کشتی۔
ہسٹری سپریم یاٹ
برطانوی ڈیزائنر اسٹیورٹ ہیوگز نے تیس میٹر لمبی یہ یاٹ یا کشتی تیار کی تھی جس کی قیمت ساڑھے چار ارب ڈالرز ہے اور اس کی وجہ اس پر ایک لاکھ کلو گرام سونا اور پلاٹینیم کی تہیں ہونا ہے۔ اس کا فرش، کھانے کی جگہ، خالص سونے اور سونے کے کیبن پلاٹینیم سے سجے ہوئے ہیں جبکہ فرنیچر اور سونے کا بیڈ بھی 68 کلو کے چوبیس قیراط سونے سے تیار کردہ ہے اور یہ ہے دنیا کا سب سے مہنگا تحفہ جو کسی ارب پتی شخص کے لیے خریدنا بھی کوئی آسان کام نہیں۔
انتیلیا (ممبئی)
گھر کس فرد کا خواب نہیں ہوتا اور کروڑوں افراد تو اپنے آشیانے بنانے کی خواہش دل میں لیے ہی اس دنیا سے چل بستے ہیں تاہم اگر کوئی کسی کا یہ خواب سب سے مہنگے تحفے کی شکل میں پورا کرنا چاہے تو اس کے لیے ممبئی میں واقع دنیا کا مہنگا ترین گھر حاضر ہے۔ مکیش امبانی کا تعمیر کردہ یہ گھر ایک سے دو ارب ڈالرز مالیت کا ہے، اس گھر میں صرف پارکنگ کے لیے چھ زیرزمین منزلیں ہیں جبکہ ستائیس منزلہ گھر کے لیے چھ سو رکنی عملے کی ضرورت پڑتی ہے۔
نمبر فائیو 1948(پینٹنگ)
امریکی مصور جیکسن پولاک کا یہ تصویری شاہکار یعنی نمبر فائیو 1948 دیکھنے میں تو کسی بچے کی جانب سے کھینچی ہوئی آڑھی ترچھی تصاویر لگیں گی مگر فن مصوری کی باریکیوں سے واقف افراد اسے شاہکار قرار دیتے ہیں تو یقیناً اس میں کوئی خاص بات ہوگی اور جب ہی تو یہ 140 ملین ڈالرز کی لاگت سے دنیا کے تیسرے مہنگے ترین تحفے کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
فراری 250 جی ٹی او
معروف کمپنی فراری کا 1962 کا یہ ماڈل اب دنیا کی سب سے مہنگی گاڑی بھی بن چکی ہے جو اکتوبر 2013 میں نیلامی کے دوران پانچ کروڑ بیس لاکھ ڈالرز میں فروخت ہوئی اور یہ اسپورٹس گاڑی جو شوخ سرخ رنگ کی بدولت تیز رفتاری کے شائقین افراد کے دلوں کی دھڑکن ہے، ہر دور کی سب سے بہترین اسپورٹس کار بھی سمجھی جاتی ہے اور اس کے گنے چنے یونٹ ہی دنیا میں دستیاب ہیں جنھیں خریدنا اور بطور تحفہ دینے کا خیال کسی بلکہ ارب پتی افراد کے دل کی دھڑکنیں بھی تیز کرسکتا ہے۔
کوپارڈ بلیو ڈائمنڈ
دنیا کی سب سے مہنگی انگوٹھی جسے اپنی شریک حیات کو دینے میں آپ کو خوشی تو ہوگی مگر اس کے ساتھ چور ڈاکوﺅں کا ڈر بھی اتنا ہی بڑھ جائے گا کیونکہ کوپارڈ بلیوڈائمنڈ نامی یہ رنگ ایک کروڑ 62 لاکھ ڈالرز سے زائد کی ہے، بیضوی شکل کے خوبصورت نیلے رنگ کا ہیرا پلاٹینیم کی انگوٹھی میں سفید ہیروں کے ٹکڑوں کے ساتھ سجا ہوا جس کی چمک دمک کسی کی بھی آنکھوں کو خیرہ کرسکتی ہے۔
پرسٹیج ایچ ڈی سپریم روز ایڈیشن ٹیلی ویژن
اسٹیورٹ ہیوگز کی ایک اور پیشکش یعنی دنیا کا سب سے مہنگا ترین ٹیلیویژن جو سونے، ہیروں اور دیگر قیمتی پتھروں سے تیار کیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے پرسٹیج کا نام دیا گیا ہے۔ حالانکہ اس میں اسمارٹ ٹیکنالوجی بھی نہیں مگر ہیرے کی چمک دمک نے اسے دو کروڑ تیس لاکھ ڈالرز مالیت کا مہنگا ترین تحفہ بنادیا ہے۔
سیاہ ہیروں سے سجا آئی فون فائیو
اگر تو آپ ڈیڑھ کروڑ ڈالرز خرچ کرکے کسی کو تحفہ دینے کی حیثیت رکھتے ہیں تو سیاہ ہیروں سے سجے آئی فون فائیو ایس سے بہتر کیا ہوسکتا ہے جو کہ دنیا کا سب سے مہنگا اسمارٹ فون بھی سمجھا جاسکتا ہے۔ برطانوی ڈیزائنر اسٹیورٹ ہیوگز نے اس کو خالص سونے اور سیاہ و سفید ہیروں کے امتزاج کے ساتھ تیار کیا ہے، یعنی اس میں ایک نایاب سیاہ ہیرا جڑا ہے اور اس کے ساتھ 134 چوبیس قیراط کے چھوٹے چھوٹے ہیرے ہیں، جس کی تیاری میں نو ہفتے کا وقت لگا۔
مین ہیٹن پارکنگ اسپاٹ
نیویارک شہر میں چھوٹی سی جگہ کا حصول بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہے یہی وجہ ہے کہ وہاں کے مصروف ترین علاقے مین ہیٹن میں ایک گاڑی کھڑی کرنے کی جگہ بھی کسی کے لیے قیمتی تحفے سے کم نہیں اور اگر آپ کسی کو وہ تحفہ دینا چاہیں تو آپ کی جیب یا بینک اکاﺅنٹ میں دس لاکھ ڈالرز کا ہونا ضروری ہے۔
رائل پینٹ ہاﺅس سوٹ، ہوٹل پریذیڈنٹ ولسن
ہوٹل خاص طور پر فائیو اسٹار تو مہنگا ہوتا ہی ہے مگر آپ سوئٹزرلینڈ کے اس ہوٹل کے اس خاص کمرے میں رہنا چاہیں تو اس کا بل دیکھ کر دل میں درد بھی اٹھ سکتا ہے، درحقیقت بارہ کمروں اور بارہ باتھ رومز پر مشتمل جنیوا کے ہوٹل پریذیڈنٹ ولسن کے رائل پینٹ ہاﺅس سوٹ کو دنیا میں سب سے مہنگا ہوٹل سوٹ بھی مانا جاتا ہے کیونکہ یہاں ایک رات قیام کیلئے 83 ہزار 200 ڈالرز کا بل پڑتا ہے اور کسی کو بطور تحفہ ٹھہرانا یقیناً کافی مہنگا سودا ثابت ہوسکتا ہے۔
فلیاور برگر 5000
کسی کو بطور تحفہ یا انعام کے کھانا کھلانا عام عادت ہے مگر لاس ویگاس کے بے ہوٹل اینڈ کیسینو میں ایسا کرانا بہت مہنگا بھی پڑسکتا ہے کیونکہ فلیاور برگر 5000 دنیا کا سب سے مہنگا ترین برگر ہے، جس کی قیمت پانچ ہزار ڈالرز ہے۔
0 comments: