Google_plus Pinterest Vimeo RSS

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کرپشن کے 'ساتھی' : پی ٹی آئی


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے درمیان گٹھ جوڑ جاری ہے۔
ایک پریس ریلیز میں پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنما سید خورشید شاہ نے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنے عہدے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی غیر قانونی اقدامات کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ 7 ہزار غیر قانونی بھرتیوں اور 86 ارب کی لاگت کے حامل غیر قانونی رینٹل پاور پلانٹس پر کسی نے سوال نہیں اٹھایا۔
اعجاز چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کے نام پر انتخابات میں دھاندلی اور کرپشن پرکسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی پنجاب کی سیکریٹری جنرل یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کرپشن ہر جگہ تھی لیکن مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے کرپشن کو ایک نئی سطح پر پہنچا دیا ہے، کیونکہ وہ جانتے تھے کہ ان سے کسی قسم کا احتساب نہیں ہوگا۔
یاسمین راشد نے کہا کہ کرپشن اس وقت تک ایک دائمی مسئلہ رہے گا جب تک نواز شریف اور آصف زرداری جیسے رہنماؤں کو سزا کے کٹہرے میں نہیں کھڑا کیا جائے گا۔
تحریک انصاف کی سیکریٹری اطلاعات عندلیب زہرا کا کہنا تھا کہ انھیں اس بات پر قطعاً حیرانی نہیں ہوئی کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جیسے ڈھونگی ادارے کو ملک میں احتسابی عمل کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرپٹ جمہوریت کا شکار ہے، جس کی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے۔
عندلیب زہرا کا مزید کہنا تھا کہ جب جب حکمران اشرافیہ نے کرپشن کو اپنا حق سمجھا تو معاشرے کا مظلوم طبقہ ہی اس کی زد میں آیا، انھوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لیا جائے۔

0 comments: