Google_plus Pinterest Vimeo RSS

پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں شرمناک وائٹ واش


بنگلہ دیش نے پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر وائٹ واش مکمل کرلیا۔
250 رنز کا تعاقب بنگلہ دیشی ٹیم نے 40ویں اوور میں پورا کرلیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سومیا سرکار نے 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ تمیم اقبال نے 64 جبکہ مشفق الرحیم نے 49 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
میچ میں کوئی بھی پاکستانی باؤلر متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ جنید خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
شکست کے ساتھ پاکستانی ٹیم تاریخ کی بدترین ایک روزہ رینکنگ یعنی آٹھویں پوزیشن پر آگئی۔
بنگلہ دیش سے تاریخی شکست کے بعد پاکستانی کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش نے بہترین کرکٹ کھیلی اور میں انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا ہم نے بھی کچھ حصوں میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم مجموعی طور پر اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی تھی۔
اظہر علی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں تجربہ کار کھلاڑی موجود ہوں گے جس کے باعث بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا، ذاتی پرفارمنس کی اہمیت نہیں، شکست پر افسوس ہوا۔
پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ کوچنگ اسٹاف صرف بتا سکتاہے، کھیلنا کھلاڑیوں کا کام ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے سے بہت بہتر ہوگئے ہیں اور انہوں نے شاندار کھیل پیش کیا۔
انہوں نے واضح کیا سعید اجمل اور سرفراز احمد کو ڈراپ نہیں کیا گیا تھا، انہوں آرام کا موقع دیا گیا۔
اظہر علی نے کہا کہ سرفراز احمد نے خود کہا کہ اگر کسی کو موقع دینا ہے تو ایسا کرلیں۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم نےمیزبان بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 251 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ فیصلہ کیا ۔
ایک موقع پر پاکستان کا اسکور 39 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز تھے تاہم کپتان اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بلے باز کریز پر نہ ٹک سکا اور پوری ٹیم 250 رنز آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی وکٹ 91 رنز پر اس وقت گری جب نوجوان اوپنر سمی اسلم 45 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہو گئے۔
سمی کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی صرف چار رنز بنا کر عرفات سنی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
حفیظ کی وکٹ گرنے کے بعد کپتان اظہرعلی اور حارث سہیل نے بھی محتاط انداز میں بیٹنگ کی مگر 203 رنز کے مجموعے پر اظہر علی بھی 101 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ اس کے اگلے ہی اوور میں حارث سہیل بھی 53 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی آخری آٹھ وکٹیں مجموعی اسکور میں صرف 47 رنز کا اضافہ کر سکیں اور پوری ٹیم 49 اوورز میں 250 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں اور نائب کپتان سرفراز احمد، سعید اجمل اور راحت علی کو ڈراپ کرکے عمر گل، ذوالفقار بابر اور سمی اسلم کو شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
شاندار سنچری اسکور کرنے پر سومیا سرکار کو میچ جبکہ تمیم اقبال کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستانی ٹیم کو 13ویں مرتبہ وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ جمعے کو کھیلا جائے گا جبکہ ٹیسٹ سیریز کا آغاز 28 اپریل سے ہوگا۔

0 comments: