شادی شدہ ہونا کسی مرد کی زندگی کو طویل کرنے کے امکانات کو بڑھا سکتا ہے تاہم ایک سے زائد بیویوں کی موجودگی جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔
یہ دعویٰ سعودی عرب میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
جدہ کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر کی تحقیق کے مطابق ایک سے زائد شادیوں کی صورت میں شوہر کے اندر امراض قلب کا خطرہ 4 گنا بڑھ جاتا ہے۔
محقق ڈاکٹر امین اللہ کے مطابق ایسے شواہد موجود ہیں کہ شادی شدہ افراد کی صحت مجموعی طور پر بہتر اور ان کی عمریں طویل ہوتی ہیں تاہم ہم نے پہلی بار ایک سے زائد شادیوں سے دل کی صحت پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا ہے۔
تحقیق میں 687 شادی شدہ افراد کا جائزہ لیا گیا جن کی اوسط عمر 59 برس تھی جن میں سے 19 فیصد افراد کی 2 شادیاں ہوچکی تھیں، 10 فیصد کی تین جبکہ 3 فیصد مردوں کی 4 چار بیویاں تھیں۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایک سے زائد شادیوں کے نتیجے میں مردوں میں خون کی شریانوں سے متعلقہ امراض کا خطرہ 4.6 گنا زیادہ ہوجاتا ہے جو آگے بڑھ کر دل کے امراض کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔
ڈاکٹر امین کا کہنا تھا کہ ہم نے بیویوں کی بڑھتی تعداد اور شریانوں کے بلاک ہونے کے درمیان تعلق کو دریافت کیا ہے جس کی ممکنہ وجوہات جذباتی اور مالی دباﺅ ہوسکتی ہیں۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ اس تعلق کی مستند تصدیق کی جاسکے۔
0 comments: