پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے عسکری تنظیموں کے خلاف چند دن پہلے شروع کیے جانے والے آپریشن خیبر ون کے باعث لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اب تک پونے دو لاکھ کے قریب افراد بے گھر ہونے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
فاٹا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے ایف ڈی ایم اے کے ترجمان حسیب خان نے بی بی سی کو بتایا کہ باڑہ سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے پشاور، خیبر ایجنسی اور اورکزئی ایجنسیوں میں رجسٹریشن سنٹر بنائے گئے ہیں جہاں ان کا اندراج کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اب تک 171559 افراد گھر بار چھوڑ کر پناہ گزین کیمپوں یا رشتہ داروں کے ہاں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
حسیب خان بتایا کہ باڑہ کے پانچ سو سے لے کر ایک ہزار تک متاثرین خاندانوں کے لیے جلوزئی پناہ گزین کیمپ میں رہنے کا بندوبست کیا گیا ہے، لیکن بیشتر افراد رشتہ داروں یا دوستوں عزیزوں کے ہاں پناہ لے رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ باڑہ سے پہلے ہی ہزاروں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں اور موجودہ نقل مکانی مکمل ہونے کے بعد ہی متاثرین کی کل تعداد سامنے آئے گی۔
حسیب خان نے مزید کہا کہ باڑہ اور دیگر علاقوں کے متاثرین کچھ عرصہ سے شکایت کرتے رہے ہیں کہ انھیں وہ امداد اور سہولیات نہیں دی جا رہیں جو شمالی وزیرستان کے متاثرین کو حاصل ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایف ڈی ایم اے کی جانب سے وفاقی حکومت کو درخواست دی گئی ہے جس میں تمام متاثرین کو ایک ہی پالیسی کے تحت برابری کی بنیاد پر امداد دینے کی استدعا کی گئی ہے اور توقع ہے کہ اچھا نتیجہ نکلے گا۔
ادھر آپریشن خیبر ون کے اکثر متاثرین کو شکایت ہے کہ حکومت کی طرف سے ان کو امداد دینے کے دعوے تو بڑے گرم جوشی سے کیے گئے لیکن عملی اقدامات کم ہی دیکھنے میں آئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پشاور پہنچنے والے بیشتر متاثرین کو پولیس کی طرف سے بے جا تنگ کیا جا رہا ہے اور انھیں سڑک کے وسط میں روک کر پیسوں کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
باڑہ کے مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی طرف سے پولیس کو خصوصی ہدایت جاری کی گئی تھی کہ شہر کے اندر متاثرین کو تنگ نہ کیا جائے لیکن ان کے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔
خیال رہے کہ چند دن قبل سکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ سب ڈویژن میں خیبر ون کے نام سے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ حکام کے مطابق ان کارروائیوں میں اب تک 80 کے قریب عسکریت پسند مارے جا چکے ہیں۔
دو دن پہلے سپین قبر کے علاقے میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس میں آٹھ فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
یہ امر بھی اہم ہے کہ فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے تین دن پہلے پشاور میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ خیبر اور شمالی وزیرستان میں آپریشن اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک دونوں علاقے شدت پسندوں سے مکمل طور پر پاک نہیں ہو جاتے۔
0 comments: