Google_plus Pinterest Vimeo RSS

ڈی چوک کے مظاہرین سپریم کورٹ کو نظرانداز کر رہے ہیں


وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مظاہرین سپریم کورٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے مطالبات ڈی چوک میں منوانا چاہتے ہیں۔
وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کے تناظر میں کہی جس میں دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کی گئی تھی۔
وزیراعظم کی زیر سربراہی وفاقی کابینہ کے اس غیر معمولی اجلاس میں بعض وفاقی محکموں اور وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
سرکاری حکام بتاتے ہیں کہ کارکردگی کے اس جائزے کی بنیاد پر وزیراعظم نواز شریف وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا ارادہ رکھتے ہیں۔
حکام اس بات کا بھی امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ آئندہ چند روز میں وفاقی کابینہ میں نہ صرف توسیع کا امکان ہے بلکہ بعض وزرا کے محکمے بھی تبدیل کیے جائیں گے جن کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے۔
جمعے کے روز کابینہ کے اجلاس کا طویل ایجنڈا تھا جس کا آغاز نواز شریف نے ایک سیاسی خطاب سے کیا جس میں نام لیے بغیر عمران خان اور ان کی جماعت کو ہدف تنقید بنایا گیا۔
تحریک انصاف کا احتجاج اور دھرنا 14 اگست سے اسلام آباد میں جاری ہے جس میں وزیراعظم کے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے
نواز شریف نے کہا کہ وہ عوامی فلاح کے فیصلے اور کام کرتے رہیں گے اس کے باوجود کہ دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں کے باعث اقتصادی ترقی کی رفتار سست ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پٹرول کی قیمت میں ساڑھے نو روپے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریلیف دھرنوں کے باعث ملکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے باوجود فراہم کیا جا رہا ہے۔
ڈیزل کی قیمت میں چھ روپے جبکہ ہائی آکٹین پٹرول کی قیمت میں قریباً 15 روپے کمی کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ پٹرول کی قیمت میں اس ’غیر معمولی‘ کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے۔
خیال ہے کہ ملک میں پہلی بار ایک ہی دفعہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنی زیادہ کمی کی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ نے اس اجلاس میں گزشتہ دو ماہ کے دوران بجلی کے ’اضافی‘ بلوں کے معاملے پر بھی تفصیلی غور کیا۔ کابینہ کے سامنے اس ’اوور بلنگ‘ کی آڈٹ رپورٹ پیش کی گئی جسے وزیراعظم نے مسترد کر دیا۔ اس آڈٹ رپورٹ کی تفصیل تو سامنے نہیں آئی لیکن وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ صارفین سے وصول کی گئی اضافی رقم واپس کی جانی چاہیے۔
وزیراعظم نے اس معاملے کی جامع تحقیقات اور بجلی صارفین کو بھی ریلیف فراہم کرنے کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا۔

0 comments: