لاہور: گریڈ ون انجری کے باوجود محمد حفیظ کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر مختلف سوالات نے جنم لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیپیئر میں نیوزی لینڈ کے خلاف 3 فروری کو شیڈول ایک روزہ میچ کے دوران محمد حفیظ فٹنس مسائل کا شکار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے وہ نہ صرف 6 فروری کو برسبین میں شیڈول بائیو مکینک ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہو سکے بلکہ ورلڈ کپ سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچ میں بھی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے، بعد ازاں محمد حفیظ کی انجری کو سنجیدہ نوعیت کی قرار دے کرانھیں وطن واپس بھجوادیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کیویز کے خلاف میچ کے دوران حفیظ کوبائیں پنڈلی پر چوٹ آئی تھی جسے میڈیکل اصطلاح میں گریڈ ون انجری کہا جاتا ہے، جو زیادہ سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہوتی، اس طرح کی انجری کا شکار کھلاڑی زیادہ سے زیادہ 15 دن میں صحت یاب ہوجاتا ہے، اوپنر پاکستان آنے سے پہلے ایک ہفتہ نیوزی لینڈ میں گزارچکے تھے اور اگر ان کا مناسب علاج ہوتا تو وہ ورلڈ کپ کے بھارت کے خلاف 15 فروری کو شیڈول میچ کے علاوہ 6 ہفتوں پر محیط میگا ایونٹ کے تمام میچزمیں ٹیم کو دستیاب ہو سکتے تھے تاہم ٹیم منیجمنٹ نے محمد حفیظ کو ان فٹ قرار دے کر ناصر جمشید کو کینگروز کے دیس بجھوانے کو فوقیت دی۔
0 comments: