Google_plus Pinterest Vimeo RSS

آسٹریلیا سیریز: ہندوستانی کھلاڑی کھانے سے ناخوش


برسبین: آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز کی وفات کے بعد آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ دکھ اور یکجہتی کا اظہار کرنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تعلقات آسٹریلوی ٹیم سے اس وقت خراب ہوگئے جب آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز انڈین کھلاڑی اشانت شرما نے یہ کہہ کر کھانے سے انکار کردیا کہ مینیو میں سبزیوں کی کوئی ڈش (ویجیٹیرین ڈش) نہیں ہے۔
این ڈی ٹی وی اسپورٹس پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستانی کھلاڑی آسٹریلیا میں موجودگی کے دوران فراہم کیے جانے والے کھانے سے کچھ زیادہ خوش نظر نہیں آئے۔
خاص کر اوول میں ہونے والے دو پریکٹس میچوں کے دوران ہندوستانی ٹیم کھانے سے ناخوش رہی اور اس کا اظہار متعلقہ حکام سے بھی کیا گیا، تاہم اس ناراضگی کا کھلے عام اظہار نہیں کیا گیا تھا، کیونکہ یہ وہ وقت تھا جب آسٹریلیا کی ٹیم فلپ ہیوز کی وفات کے بعد صدمے کے زیرِاثر تھی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا کیوں کہ وہاں انھیں جنوبی آسٹریلیا کی کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے انڈین شیف مہیا کیا گیا تھا جو میچ کے دوران ٹیم کے لیے ہندوستانی کھانے بناتا تھا۔
لیکن برسبین میں صورتحال مزید خراب ہوگئی اور دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز دوپہر کے کھانے میں مناسب ویجیٹیرین کھانا نہیں بنایا گیا۔
جس کے بعد ہندوستانی کھلاڑی اشانت شرما اور سریش رائنا نے اس کی شکایت کی اور اسٹیڈیم کی حدود سے باہر جا کراپنے لیے کھانا خریدا، ان کے ساتھ آئی سی سی کے کچھ افسران اور ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری بھی موجود تھے۔
تاہم جب یہ لوگ واپس آئے توانھیں بتایا گیا کہ کھانے پینے کی اشیاء اسٹیڈیم کے اندر نہیں لے جائی جاسکتیں۔
جس پر دونوں کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم سے باہر اپنا کھانا کھایا اور پھر ڈریسنگ روم میں واپس آئے۔
یاد رہے کہ سریش رائنا دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے، تاہم اشانت نے ہندوستانی ٹیم کی طرف سے میچ کے تیسرے روز باؤلنگ کرائی۔
ہندوستانی کھلاڑیوں کے میچ کے دوران اسٹیڈیم سے باہر جانے کے حوالے سے انتظامیہ نے کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے برسبین میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں ہندوستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں دوصفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

0 comments: